’’مطالبات بجا طور پر یابے جاطور پر ،ایک ایسے عقیدے پر مبنی تھے جس کی پشت پر پبلک کی عام تائید تھی ۔ ‘‘
’’میں مسلم لیگ کی تنظیم کا ایک کارکن تھا جو باشندگان ملک کے سامنے ایک سخت آزمائش کے مقام پر کھڑی تھی ، وہ ایسے مسائل کے معاملے میں سردمہری کا یا خاموشی کارویہ اختیار نہ کرسکتی تھی جو باشندوں کی ایک عظیم اکثریت کے جذبات کو بھڑکا رہے تھے ۔‘‘
’’اس موقع پر مسلم لیگ کے کونسلرز کی بہت بڑی اکثریت یہ راے رکھتی تھی کہ تحریک ختم نبوت کے مطالبات فوراً تسلیم کیے جانے چاہئیں۔ ‘‘
’’میرے سوا پاکستان بھر میں لیگ کا کوئی ایک کارکن بھی ایسا نہ تھا جو پبلک میں آنے اور ان مطالبات کی صحت کے متعلق شک کا اظہار کرنے کی جرأت کرتا۔‘‘
’’یہ بہت ممکن تھاکہ (۲۷فروری اور چھ مارچ کے درمیان ) اگر ہم مسلم لیگ کو نسل کا اجلاس بلاتے تو ممبروں کی راے پر اثر ڈالنے اور ان کو مطمئن کرنے میں کامیاب نہ ہوسکتے۔‘‘
’’صورت حال یہ تھی کہ لوگوں کی بہت بڑی تعداد مطالبات کے حق میں تھی ، اس لیے ایسے مقبول عام مطالبات کا لحاظ کرکے ہم (۶مارچ کو) اس بات پر تیار تھے کہ ان کو اپنی تائید کے ساتھ مرکزی حکومت کے سامنے پیش کردیں ۔ ‘‘