اس طرح جو لوگ ہمارے نظام جماعت میں شامل ہوتے ہیں، اُن کے لیے ہمارے پاس صرف یہ کام ہے کہ وہ اپنے قوَل اور عمل سے اسلام کی شہادت دیں اور نظامِ دین کو مکمل طور پر قائم کرنے کے لیے اجتماعی جدوجہد کریں، تا کہ شہادت علی الناس کا حق پوری طرح ادا ہو سکے۔
جہاں تک قولی شہادت کا تعلق ہے ، ہم اپنے ارکان کو ایسی تربیت دے رہے ہیں جس سے وہ اپنی اپنی صلاحیتوں کے مطابق زبان اور قلم سے، اسلام کی زیادہ سے زیادہ معقول شہادت ادا کرنے کے لیے تیار ہوں۔ نیز، ہم ایسے ادارے بھی قائم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں جو منظم طریقے سے علم و ادب کے ہر شعبے میں زندگی کے جملہ مسائل کے متعلق، اسلامی تعلیمات کی حقانیت کو دنیا پر واضح کریں اور اس مقصد کے لیے نشر و اشاعت کے تمام ممکن ذرائع سے کام لیں۔ رہی، عملی شہادت، تو اس بارے میںہماری کوشش یہ ہے کہ اول تو ایک ایک شخص اسلام کا زندہ گواہ ہو، پھران افراد سے ایک ایسی منظم سوسائٹی نشو و نما پائے جس کے اندر اسلام اپنی اصل اسپرٹ میں کام کرتا ہوا دیکھا جا سکتا ہو، اور بالآخر یہ سوسائٹی اپنی جدوجہد سے نظامِ باطل کے غلبے کو مٹا کر، وہ نظامِ حق قائم کرے جو دنیا میں اسلام کی مکمل نمایندگی کرنے والا ہو۔