سوال
زکاۃ کی تعریف کیا ہے؟
جواب
زکاۃ کے لغوی معنی طہارت اور نمو کے ہیں ۔انھی دونوں صفتوں کے لحاظ سے اصطلاح میں زکاۃاُس مالی عبادت کو کہتے ہیں جو ہر صاحب نصاب مسلمان پر اس لیے فرض کی گئی ہے کہ خدا اور بندوں کا حق ادا کرکے اُس کا مال پاک ہوجائے اور اُس کا نفس،نیز وہ سوسائٹی جس میں وہ رہتا ہے، بخل، خود غرضی، بغض وغیرہ جذبات ردیئہ سے پاک ہو اور اس میں محبت واحسان، فراخ دلی اور باہمی تعاون ومواساۃ کے اوصاف نشو ونما پائیں ۔
فقہا نے زکاۃ کی مختلف تعریفیں بیان کی ہیں ۔مثلاً:
حَقٌ یَجِبُ فِی الْمَالِ۔ ({ FR 2029 })
’’وہ ایک حق ہے جو مال میں واجب ہوتا ہے۔‘‘
إعْطَاءُ جُزْءٍ مِنْ النِّصَابِ إِلَى فَقِيرٍ وَنَحْوِهِ غَيْرَ مُتَّصِفٍ بِمَانِعٍ شَرْعِيٍّ يَمْنَعُ مِنْ الصَّرْفِ إلَيْهِ ( { FR 2031 })
’’نصاب میں سے ایک جز کسی محتاج اور اُس کے مانند شخص کو دینا جو کسی ایسے مانع شرعی سے متصف نہ ہو جس کی بِنا پر اُسے زکاۃ نہ دی جاسکے۔‘‘
تَمْلِیْکُ مَالٍ مَخْصُوصٍ لِمُسْتَحِقِّہِ بِشَرَائِطِ مَخْصُوصَۃٍ ۔ ({ FR 2032 })
’’ایک مخصوص مال کو مخصوص شرائط کے مطابق اُس کے مستحق کی ملک میں دینا ۔‘‘ ( ترجمان القرآن،نومبر ۱۹۵۰ء )