جماعت اسلامی پاکستان کی دعوت اور مقصد سے نہ صرف ملک کے باشندے بلکہ بیرونی ممالک کے لوگ بھی اب ناواقف نہیں ہیں ۔ یہ جماعت گذشتہ بارہ سال سے اسلامی نظام کی مؤید ، حامی اور داعی ہی نہیں ہے بلکہ اس نظام کے قیام کے لیے عملاً کوشاں بھی ہے۔ قیام پاکستان کے بعد سے اس کی کوششو ں کا مقصد اس سرزمین پاک پر اسلامی تہذیب کا احیا وبقا ، اس نئی مملکت کے دستور کی اسلامی خطوط پر ترتیب و تنفیذ اور اس مقصدی ریاست کی رہنمائی اور قیادت کے منصب پر مخلص ، قابل اور صالح افراد کا وجود و غلبہ ہے ۔
اس کام میں قدرتی طور پر بے شمار مشکلات حائل ہیں۔ لیکن سب سے بڑ ی دقت یہ ہے کہ ہماری قوم کے تعلیم یافتہ اور ذی اثر افراد کا ایک بڑا حصہ مغربی تعلیم و تہذیب سے متاثر ہونے کی بنا پر اسلامی تعلیمات سے ناواقف ، اسلامی تہذیب سے بدگمان اور اسلامی نظام کے نام سے خائف ہے۔ اس لیے اس طبقہ کی فکری پریشانیوں ، ذہنی الجھنوں اور عقلی اعتراضات اور شبہات کو دور کرنے کے لیے جماعت اسلامی نے وسیع ، جامع اور سائنٹیفک لٹریچر پیش کیاہے جو ایک طرف مذہب کے بارے میں ہر قسم کے شکوک عقلی استدلال سے رفع کرتاہے ، دوسری طرف اسلامی نظام کی صداقت اور اس کے دورِ جدیدمیں قابل عمل ہونے کے دعوے کو مضبوط دلائل سے ثابت کرتاہے اور تیسری طرف وقت کے تمام اہم مسائل کا اسلامی نقطۂ نظر سے قابل عمل اور اطمینان بخش حل پیش کرتاہے۔