یہ میری ان تحریروں کا مجموعہ ہے جو پچھلے ۳۰۔۳۵ سال کے دوران میں مختلف مواقع پر میں نے اسلام کے معاشی اصول و احکام کی توضیح اور زندگی کے موجودہ مسائل پر ان کے انطباق کے بارے میں لکھی ہیں اور وقتاً فوقتاً شائع ہوتی رہی ہیں۔ ایک مدت سے میں یہ ضرورت محسوس کر رہا تھا کہ ان کو جمع کر کے ایک جگہ کتابی شکل میں مرتب کر دیا جائے تا کہ عام ناظرین کے سامنے بھی اسلامی نظامِ معیشت کی پوری تصویر آ جائے، اور اسلامیات و معاشیات کے طلبہ کے لیے بھی یہ ایک نصابی، یا امدادی کتاب کے طور پر کام آسکے ۔ مگر اپنی گوناگوں مصروفیات کے باعث میں آج تک اس کا موقع نہ پا سکا۔ میں پروفیسر خورشید احمد صاحب کا بہت شکر گزار ہوں کہ انہوں نے نہایت محنت اور توجہ کے ساتھ یہ مجموعہ ایسی خوبی کے ساتھ مرتب کر دیا ہے کہ میں خود بھی اس سے بہتر ترتیب نہ دے سکتا تھا۔ میں نے پوری کتاب پر نظرثانی کر کے اس میں ضروری اصلاحات اور اضافے کر دیئے ہیں۔ مجھے امید ہے کہ یہ اس مقصد کے لیے بہت مفید ثابت ہوگی جس کی خاطر خورشید صاحب نے یہ خدمت انجام دی ہے۔
14 ؍ ذی الحجہ 1388ھ ابو الاعلیٰ
3؍مارچ 1969ء لاہور