اس مجموعے میں وہ چھوٹے چھوٹے مضامین یک جا کر دیے گئے ہیں جو میں نے اسلام اور مغربی تہذیب کے تصادم سے پیدا شدہ مسائل پر مختلف اوقات میں لکھے ہیں۔ ان میں غیر اسلامی اثرات اور مسلمانوں کی کوتاہیوں پر تنقید بھی ہے‘ اور غلط فہمیوں میں اُلجھے ہوئے حقائق کی تحقیق بھی۔
جو علمی اور عملی مسائل آج کل شب و روز پیدا ہو رہے ہیں‘ ان کو حل کرنے کے لیے سب سے مقدّم ضرورت یہ ہے کہ لوگ ان کو صحیح روشنی میں دیکھیں اور خود ان کی اپنی بصیرت رنگین نہ رہے‘ اس لیے دارالاسلام کے علمی شعبے کی جانب سے یہ مجموعہ ابتدا ہی میں پیش کیا جارہا ہے تاکہ خیالات کے صاف کرنے میں اس سے مدد لی جائے۔
اس مجموعے کو ایک مسلسل اور مربوط کتاب کی حیثیت حاصل نہیں ہے۔ اس کا ہر مضمون بجائے خود مستقل ہے‘ البتہ ان مختلف مضامین میں ایک مقصدی ربط ضرور پایا جاتا ہے اور اسی ربط کے لحاظ سے انھیں ایک جگہ جمع کیا گیا ہے۔
ابوالاعلیٰ
۸ ربیع الثانی ۱۳۵۸ھ
(۷ جون ۱۹۳۹ء)