سوال
کیا مویشی، شیر خانے کی مصنوعات، زرعی پیدا وار مع اناج،سبزیاں ،پھل اور پھول پر بھی زکاة دینی پڑے گی؟
جواب
شیر خانہ( ڈیری فارم) کے مویشی عوامل کی تعریف میں آتے ہیں اس لیے ان پر زکاۃ نہیں ہے۔البتہ شیر خانے کی مصنوعات پر اسی طریقے سے زکاۃ عائد ہوگی جس طرح دوسرے کارخانوں پر۔
زرعی پیدا وار میں جو چیزیں ذخیرہ کرکے رکھنے کے قابل ہوں ،ان پر عشر یا نصف عشر ہے، اور یہی حکم ان پھلوں کا بھی ہے جو ذخیرہ کرکے رکھے جاسکتے ہوں ، جیسے خشک میوہ اور چھوہارے۔ جو زراعت بارانی زمینوں میں ہو اُس پر عشر واجب ہوگا، اور جس میں مصنوعی ذرائع سے آب پاشی کی جائے اُس پر نصف عشر۔
سبزی،ترکاری،پھول اور پھل جو ذخیرہ کرکے نہیں رکھے جاسکتے،ان پر عشر تو نہیں ہے لیکن اگر زمین دار انھیں مارکیٹ میں فروخت کرتا ہے تو اُس پر تجارتی زکاۃعائد ہوگی جب کہ وہ بقدر نصاب ہو۔اس معاملے میں نصاب وہی ہوگا جو تجارت میں معتبر ہے،یعنی اُس کاروبار کا تجارتی سرمایہ سال کے آغاز واختتام پر دو سو درہم یا اس سے زائد ہو۔
(ترجمان القرآن،نومبر ۱۹۵۰ء)