یہ دور چونکہ جمہوریت کا دور ہے اس لیے حکومت کے مسلک کا انحصار عوام کی رائے پر ہے، حکومت کے اختیارات عوام کے دیے ہوئے اختیارات ہیں۔ پس حکومت اس وقت تک مسلمان نہیں ہو سکتی جب تک ہمارے عوام واقعی مسلم نہ ہوں۔ عام لوگ اگر اسلام کا کلمہ نہ پڑھیں اورخدا کو اپنا حاکم ومالک نہ مانیں اور اسلام کو خود اپنے طریقِ زندگی کی حیثیت سے قبول نہ کریں تو یہ کسی طرح ممکن نہیں ہے کہ حکومت کلمہ پڑھ دے، اور خدا کو حاکم مان کر اس کے دین کی پابند ہو جائے۔ ہم چاہتے ہیں کہ پاکستان کے عوام جو مسلمان ہونے پر فخر کرتے ہیں، اب جان بوجھ کر کلمہ پڑھیں اور نظامِ اسلامی کا اپنی زندگی کے لیے برضا ورغبت انتخاب کریں۔ جب وہ یوں کلمہ پڑھ کر اسلام کو اختیار کر لیں گے تو ان کی رائے سے جو حکومت بنے گی وہ حکومت بھی کلمہ گو حکومت ہو گی اور خدا کے آگے جھکنے والی اور اس کے قانون کو جاری کرنے والی ہو گی۔