سوال
اُصول فقہ کی کتابوں میں لکھا ہے کہ حدیث قرآن کو منسوخ کرسکتی ہے۔کیا یہ نظریہ ائمہِ فقہا سے ثابت ہے؟اگر ہے تو اس کا صحیح مفہوم کیا ہے؟
جواب
بلاشبہہ فقہا کا ایک گروہ اس بات کا قائل ہے کہ سنت قرآن کی ناسخ اور اس پر قاضی ہے،لیکن اس کا مطلب وہ نہیں ہے جو ظاہر الفاظ سے متبادر ہوتا ہے۔بلکہ مطلب یہ ہے کہ جس طرح نبی ﷺ کی تشریح سے قرآن مجید کا ایک خاص حکم عام ہوسکتاہے،بالکل اسی طرح آپ کی قولی یا عملی تشریح یہ بھی بتاتی ہے کہ کسی خاص آیت کا حکم باقی نہیں رہا ہے۔اس مفہوم کے علاوہ اگر اس اُصول سے کوئی دوسرا مفہوم اخذ کیا گیاہے تو وہ صحیح نہیں ہے۔ (ترجمان القرآن، مئی،جون۱۹۵۴ء)