انسانی معیشت کے بارے میں اولین بنیادی حقیقت، جسے قرآن مجید بار بار زور دے کر بیان کرتا ہے ، یہ ہے کہ تمام وہ ذرائع و وسائل جن پر انسان کی معاش کا انحصار ہے، اللہ تعالیٰ کے پیدا کیے ہوئے ہیں۔ اسی نے ان کو اس طرح بنایا اور ایسے قوانینِ فطرت پر قائم کیا ہے کہ وہ انسان کے لیے نافع ہو رہے ہیں۔ اور اسی نے انسان کو ان سے انتفاع کا موقع دیا اور ان پر تصرف کا اختیار بخشا ہے:
ہُوَالَّذِيْ جَعَلَ لَكُمُ الْاَرْضَ ذَلُوْلًا فَامْشُوْا فِيْ مَنَاكِبِہَا وَكُلُوْا مِنْ رِّزْقِہٖ۰ۭ وَاِلَيْہِ النُّشُوْرُo الملک15:67
وہی ہے جس نے تمہارے لیے زمین کو رام کر دیا، پس چلو اس (زمین) کی پہنائیوں میں اور کھائو اس (خدا ) کا رزق اور اسی کی طرف تمہیں دوبارہ زندہ ہو کر واپس جانا ہے۔
وَہُوَالَّذِيْ مَدَّ الْاَرْضَ وَجَعَلَ فِيْہَا رَوَاسِيَ وَاَنْہٰرًا۰ۭ وَمِنْ كُلِّ الثَّمَرٰتِ جَعَلَ فِيْہَا زَوْجَيْنِ اثْنَيْنِ الرّعد 3:13
اور وہی ہے جس نے زمین کوپھیلایا اور اس میںپہاڑ بنائے، دریا جاری کئے اور ہر طرح کے پھلوں کی دو دو قسمیں پیدا کیں۔
ھُوَالَّذِىْ خَلَقَ لَكُمْ مَّا فِى الْاَرْضِ جَمِيْعًا ۰ۤ البقرہ29:2
وہی ہے جس نے تمہارے لیے وہ سب کچھ پیدا کیا جو زمین میں ہے۔
اَللہُ الَّذِيْ خَلَقَ السَّمٰوٰتِ وَالْاَرْضَ وَاَنْزَلَ مِنَ السَّمَاۗءِ مَاۗءً فَاَخْرَجَ بِہٖ مِنَ الثَّمَرٰتِ رِزْقًا لَّكُمْ۰ۚ وَسَخَّــرَ لَكُمُ الْفُلْكَ لِتَجْرِيَ فِي الْبَحْرِ بِاَمْرِہٖ۰ۚ وَسَخَّرَ لَكُمُ الْاَنْہٰرَo وَسَخَّــرَ لَكُمُ الشَّمْسَ وَالْقَمَرَ دَاۗىِٕـبَيْنِ۰ۚ وَسَخَّرَ لَكُمُ الَّيْلَ وَالنَّہَارَo وَاٰتٰىكُمْ مِّنْ كُلِّ مَا سَاَلْتُمُوْہُ۰ۭ وَاِنْ تَعُدُّوْا نِعْمَتَ اللہِ لَا تُحْصُوْہَا۰ۭ
ابراہیم32-34:14
’’اللہ ہی ہے جس نے آسمانوں اور زمین کو پیدا کیا، اور آسمان سے پانی برسایا، پھر اس کے ذریعے سے تمہارے رزق کے لیے پھل نکالے، اور تمہارے لیے کشتی کو مسخر کیا تا کہ وہ سمندر میں اس کے حکم سے چلے، اور تمہارے لیے دریائوں کو مسخر کیا اور سورج اور چاند کو تمہارے مفاد میں ایک دستور پر قائم کیا کہ پیہم گردش کر رہے ہیں، اور دن اور رات کو تمہارے مفاد میں ایک قانون کا پابند کیا، اور وہ سب کچھ تمہیں دیا جو تم نے مانگا(۱)،اگر تم اللہ کی نعمتوں کا شمار کرنا چاہو تو نہیں کرسکتے۔‘‘
وَلَقَدْ مَكَّنّٰكُمْ فِي الْاَرْضِ وَجَعَلْنَا لَكُمْ فِيْہَا مَعَايِشَ۰ۭ الاعراف 10:7
’’ہم نے زمین میں تم کو اقتدار بخشا اور تمہارے لیے اس میں زندگی کے ذرائع فراہم کئے۔‘‘
اَفَرَءَيْتُمْ مَّا تَحْرُثُوْنَoۭ ءَ اَنْتُمْ تَزْرَعُوْنَہٗٓ اَمْ نَحْنُ الزّٰرِعُوْنَo الواقعہ 63,64:56
’’کیا تم نے غور کیا، یہ کھیتیاں جو تم بوتے ہو انہیں تم اگاتے ہو یا ان کے اگانے والے ہم ہیں؟‘‘