اس کتاب کے مضامین اس سے پہلے ماہنامہ ترجمان القرآن لاہور کے خاص نمبر (منصبِ رسالت نمبر،ستمبر۱۹۶۱ء) میں شائع ہو چکے ہیں۔ اب ہم انھی مضامین کو سُنّت کی آئینی حیثیت کے نام سے کتابی صورت میں شائع کر رہے ہیں۔ ان مضامین کو کتابی صورت میں شائع کرنے کے لیے کچھ معمولی ترمیم وحذف سے کام لینا پڑا ہے۔ وہ ترمیم وحذف یہ ہے کہ ڈاکٹر عبدالودود صاحب کے تیسرے خط کا بڑا حصہ جو کہ دُشنام طرازی اور تکرارِ بیان پر مبنی تھا، حذف کر دیا گیا ہے۔ اس کے بجائے ڈاکٹر عبدالودود صاحب نے اپنے اس مکتوب میں جو نئے نکات اُٹھائے ہیں انھیں، انھی کے الفاظ میں اعتراضات وسوالات کی شکل میں پیش کیا گیا ہے اور ان کے جواب میں مولانا سید ابو الاعلیٰ مودودیؒ کے وہی الفاظ نقل کیے گئے ہیں جوماہنامہ ترجمان القرآ ن میں شائع ہو چکے ہیں۔ ہمیں توقع ہے کہ اس طرح قارئین ان لایعنی اور طویل تحریروں کے مطالعے کی زحمت سے بھی بچ جائیں گے جو ڈاکٹر صاحب کے تیسرے مکتوب میں بکثرت موجودتھیں اور مغزِ بحث کو بھی زیادہ آسانی سے پالیں گے۔
اس کتاب کے بارے میں ہمارا کچھ کہنا تحصیل حاصل ہے۔ ماہنامہ ترجمان القرآن کے خا ص نمبر (منصبِ رسالت نمبر) کو اندرون وبیرونِ ملک کے ہر طبقۂ خیال سے تعلق رکھنے والے حضرات، وکلا، ادبا، عالمانِ دین، مصنّفین اور صحافیوں نے خراجِ تحسین پیش کیا ہے، اس سے ہر پڑھا لکھا شخص واقف ہے۔ سید مودودیؒ نے جس شان دار طریقے سے سُنّت نبویa کی مدافعت کی ہے اور اسے جس واضح اور مُنَقَّح شکل میں پیش کیا ہے، موجودہ زمانے میں اس کی نظیر ملنا مشکل ہے۔
دین اسلام میں حدیث کی اہمیت اور ضرورت کو واضح اور اجاگر کرنے اور منکرین حدیث کو منہ توڑ جواب دینے والی، اس معرکہ آرا تالیف کی اشاعت پر ہم اللہ تعالیٰ کے حضورسپاس شکر بجا لاتے ہیں۔ ہمیں اُمید ہے کہ حامیانِ سُنّتِ نبویa اور شائقینِ علم قرآن و سنت اس کی وہی قدر فرمائیں گے جس کی یہ عظیم تالیف مستحق ہے۔
منیجنگ ڈائریکٹر