ساری تعریف اُس خدا کے لیے ہے جو کائنات کا تنہا خالق و مالک اور حاکم ہے، جو کمال درجے کی حکمت، قدرت اور رحمت کے ساتھ اس میں فرماں روائی کر رہا ہے، جس نے انسان کو پیدا کیا، اسے علم و عقل کی قوتیں بخشیں، اُسے زمین میں اپنی خلافت سے سر فراز کیا ، اور اُس کی راہ نُمائی کے لیے کتابیں اُتاریں اور پیغمبر بھیجے۔ پھر خدا کی رحمتیں ہوں اُس کے اُن نیک اور برگزیدہ بندوں پر، جو انسان کو انسانیت سکھانے آئے۔ جنھوں نے آدمی کو اُس کے مقصدِ زندگی سے خبر دار کیا اور اُسے دنیا میں جینے کا صحیح طریقہ بتایا۔ آج دنیا میں ہدایت کی روشنی، اخلاق کی پاکیزگی اور نیکی و پرہیز گاری جو کچھ بھی پائی جاتی ہے، وہ سب خدا کے انھی برگزیدہ بندوں کی راہ نُمائی کی بدولت ہے اور انسان کبھی اُن کے بارِ احسان سے سُبک دوش نہیں ہو سکتا۔