ضبط ولادت کا اصل مقصد نسل کی افزائش کو روکنا ہے۔ قدیم زمانے میں اس کے لیے عزل، اِسقاطِ حمل، قتل اولاد اور برہم چرج (یعنی ضبط نفس، خواہ وہ تجرد کی شکل میں ہو یا مقاربت سے پرہیز کی شکل میں) کے طریقے اختیار کیے جائے تھے۔ آج کل مؤخر الذکر دونوں طریقوں کو ترک کر دیا گیا ہے اور ان کے بجائے یہ طریقہ ایجاد ہوا ہے کہ مقاربت تو کی جائے مگر دوائوں یا آلات کے ذریعہ سے اِستقرار حمل کو روک دیا جائے۔ اسقاط حمل کا طریقہ بھی کثرت کے ساتھ یورپ اور امریکہ میں رائج ہے۔ لیکن برتھ کنٹرول کی تحریک صرف مانع حمل تدابیر پر زور دیتی ہے اور اس کا مقصد یہ ہے کہ ان تدابیر کا علم اس قدر عام کر دیا جائے اور ان کے ذرائع اس کثرت کے ساتھ فراہم کیے جائیں کہ ہر بالغ مرد وعورت ان سے فائدہ اٹھا سکے۔