سوال
بائبل کی کتاب’’رسولوں کے اعمال‘‘(باب۱۰) میں ہے کہ تمام چارپایوں والے جانور حلال ہیں ۔ بخلاف اس کے بائبل کا عہد نامہ قدیم اور قرآن،دونوں بعض جانوروں کو حرام قرار دیتے ہیں ۔اگر یہ سب کتابیں خدا کی طرف سے بذریعہ وحی نازل ہوئی ہیں تو مسلمان ان کے اس اختلاف کی کیا توجیہ کرتے ہیں ؟(واضح رہے کہ مجھے کسی خاص قسم کے گوشت کے کھانے یا نہ کھانے سے دل چسپی نہیں ہے بلکہ میں اس تضاد کو رفع کرانا چاہتا ہوں جو کتب آسمانی میں پایا جاتا ہے یا مجھے محسوس ہوتا ہے)
جواب
’’نئے عہدنامے‘‘(New Testament) کی کتاب اعمال(Acts) تو درکنار، چاروں انجیلیں (Gospels) بھی اِلہامی کتابیں نہیں ہیں ، نہ قرآن ان کتابوں کی تصدیق کرتا ہے۔ البتہ قرآن اس انجیل کی تصدیق کرتا ہے جو حضرت عیسیٰ؈ پر نازل ہوئی تھی۔ اب آپ یہ سوال کرسکتے ہیں کہ وہ انجیل کہاں ہے؟میں کہتا ہوں کہ اس انجیل کے منتشر اجزا زبانی روایات کے ذریعے سے نئے عہد نامے کی چاروں انجیلوں کے مصنّفین کو پہنچے تھے اور انھوں نے حضرت عیسیٰ ؈ کے حالات بیان کرتے ہوئے اپنی کتابوں میں مختلف مقامات پر انھیں درج کیا ہے۔ ان کتابوں میں حضرت عیسیٰ؈ کی جو تقریریں اور امثال ملتی ہیں ، وہ اسی انجیل کے متفرق اجزا ہیں اور ان میں آپ مشکل ہی سے کوئی بات ایسی پائیں گے جسے قرآن کے خلاف کہا جا سکے۔ ( ترجمان القرآن ،اکتوبر ۱۹۵۵ء)