سوال
اگر خدا ورسولﷺ کے احکام کے تحت پردہ اختیار کرنے میں کسی کی والدہ آ حائل ہو تو اس کے حکم کو ردّ کیا جاسکتا ہے یا نہیں ؟،جب کہ آپ کے پائوں کے نیچے جنت ہے۔
جواب
ماں کے پائوں کے نیچے جنت بے شک ہے،لیکن حکم صرف اسی ماں کا مانا جاسکتا ہے جو جنتیوں کے سے کام کرے، یعنی خدا و رسولﷺ کے احکام کے آگے جھکنے والی ہو اور اپنے نفس یا خاندانی رواجوں پر شریعت کو قربان کردینے والی نہ ہو۔رہی وہ ماں جواس کے برعکس صفات رکھتی ہو، تو اس کی خدمت تو کی جاتی رہے گی، مگر غیر شرعی اُمو رمیں اس کی اطاعت نہیں کی جاسکتی۔ شریعت کی پابندی سے آزادہوکر اور اپنے نفس یا برادری کی شریعت کو خدا کی شریعت پر ترجیح دے کر تو اس نے اپنا قدم خود جہنم کی طرف ڈال دیا۔پھر آخر اس کے پائوں کے نیچے جنت کیسے ہوسکتی ہے۔
(ترجمان القرآن ، جنوری ۱۹۵۶ء)